نئی دہلی،17اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ترنمول کانگریس کے باغی سینئر رہنما مکل رائے کا راجیہ سبھا سے استقفی منظور کر لیا گیا ہے ۔ راجیہ سبھا کے ٹیبل آفس نے اس کی اطلاع دی ۔ ٹیبل آفس کے مطابق ترنمول کانگریس کے باغی لیڈر مکل رائے کا استعفی منظور کیا جاتا ہے اور ان کا استعفی 11اکتوبر سے منظور کیا گیا ہے ۔ واضح ہو کہ راجیہ سبھا کے صدر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرکے انہوں نے اپنا استعفی پیش کیا ، استعفی پیش کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ گراں بار طبیعت سے استعفی دے رہے ہیں انہیں استعفی کیلئے مجبور کیا گیاہے ۔ ممتا بنرجی کے بعد دوسرے نمبر کے لیڈر مکل رائے نے کہا کہ پارٹی میں دوستانہ ماحول کے ساتھ کام کرنا چاہئے ، نوکر کی طرح نہیں ؛ لیکن ذاتی تسلط والی پارٹیا ں ایسا نہیں کرتیں ، مکل رائے کو پارٹی کے خلاف سرگرمیوں کے نتیجے میں پارٹی سے معطل کر دیا گیا تھا۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کس پارٹی کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہا ابھی میں کسی پارٹی کے ساتھ شامل نہیں ہونا چاہتا یہ وقت ہی بتائے گا کہ میں کس پارٹی کے ساتھ شامل ہوؤں گا ۔